پاکستان نیوی اور کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی ،شراب اور غیر قانونی ادویات ضبط
مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد متعلقہ اداروں نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
پاکستان نیوی اور کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی ،شراب اور غیر قانونی ادویات ضبط
بلوچستان کے علاقے پیشکان میں پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ اشیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے کی گئی۔ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد کرکے ضبط کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد متعلقہ اداروں نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
ضبط کی گئی اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کردی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائی سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز پاکستانی سمندری حدود اور سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔