غزہ پر خاموش رہے تو عالمی ساکھ کیا رہ جائے گی،فرانسیسی صدر

ایسا طرز عمل اسرائیل کی موجودہ اور مستقبل کی سلامتی کو مزید کمزور کرسکتا ہے۔

September 23, 2026 · بام دنیا
غزہ پر خاموش رہے تو عالمی ساکھ کیا رہ جائے گی،فرانسیسی صدر

غزہ پر خاموش رہے تو عالمی ساکھ کیا رہ جائے گی،فرانسیسی صدر

فرانسیسی صدر ایمانویل میکخواں نے غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دنیا غزہ کے معاملے پر غیر فعال رہے تو عالمی برادری کی ساکھ متاثر ہوگی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے میکخواں نے کہا کہ غزہ میں امن کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم ان کے مطابق انسانی امداد کی فراہمی بحال نہیں ہوئی۔ انہوں نے عالمی برادری سے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال ایسا منظر پیش کر رہی ہے جس پر سب کو شرمندگی ہونی چاہیے۔

فرانسیسی صدر نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع اور آبادکاروں سے متعلق صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق وہاں ہونے والی پیش رفت فلسطینی عوام کے حقوق پر مبنی مستقبل کے حل کے امکانات کو متاثر کر رہی ہے

میکخواں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی سلامتی خطے کے دیگر ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کے ذریعے یقینی نہیں بنائی جا سکتی۔ ان کے مطابق ایسا طرز عمل اسرائیل کی موجودہ اور مستقبل کی سلامتی کو مزید کمزور کرسکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے میکخواں کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے ان کے مؤقف پر سخت تنقید کی۔ اسرائیلی حکام نے اپنے بیان میں مغربی کنارے میں اسرائیلی شہریوں پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے

رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے یہ میکخواں کا آخری خطاب تھا، کیونکہ ان کی موجودہ صدارتی مدت اگلے سال مکمل ہونے والی ہے