مسئلہ کشمیر کا حل پائیدار امن کی بنیاد ہے،او آئی سی
او آئی سی کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ نے جنوبی ایشیا میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
مسئلہ کشمیر کا حل پائیدار امن کی بنیاد ہے،او آئی سی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں او آئی سی کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان، آذربائیجان، ترکیہ، سعودی عرب اور نائیجر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کی۔
اجلاس میں او آئی سی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور اسے جنوبی ایشیا میں منصفانہ اور پائیدار امن کی بنیاد قرار دیا۔ تنظیم نے جموں و کشمیر کی انسانی حقوق، انسانی صورتحال اور سلامتی سے متعلق صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق رابطہ گروپ نے جموں و کشمیر کی صورتحال کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے بین الاقوامی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔
اجلاس میں او آئی سی کی جانب سے 2019 کے بعد کیے گئے یکطرفہ اقدامات واپس لینے اور متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
رابطہ گروپ نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر توجہ برقرار رکھے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلے کے پرامن حل کی کوششیں تیز کرے۔