لاڑکانہ میں کار پر فائرنگ،4 افراد جاں بحق
واقعہ سول لائن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
لاڑکانہ میں کار پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق
لاڑکانہ کے علاقے لاہوری محلے میں کار پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ سول لائن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ حملہ آوروں کی شناخت اور فائرنگ کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے لاڑکانہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔