آزاد کشمیر میں سرکاری خدمات آن لائن کرنے کی تیاری
اجلاس میں سرکاری خدمات کو مرحلہ وار آن لائن منتقل کرنے، ڈیجیٹل سہولیات تک عوام کی رسائی بڑھانے اور آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
آزاد کشمیر میں سرکاری خدمات آن لائن کرنے کی تیاری(فائل فوٹو)
مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر حکومت نے شہریوں کو سرکاری خدمات آن لائن فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کو جلد فعال کرنے کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں محکمہ اطلاعات و ٹیکنالوجی کے سیکریٹری محمد راشد حنیف نے ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری، اب تک کی پیش رفت اور سو روزہ پروگرام کے تحت جاری مختلف ٹیکنالوجی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سرکاری خدمات کو مرحلہ وار آن لائن منتقل کرنے، ڈیجیٹل سہولیات تک عوام کی رسائی بڑھانے اور آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق مجوزہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات اور متعلقہ معلومات ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام سے لوگوں کو معمولی سرکاری امور کے لیے بار بار دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہونے کی توقع ہے۔
سیکریٹری آئی ٹی محمد راشد حنیف نے بتایا کہ مرکزی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی کو زیادہ آسان، شفاف اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے محکمہ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل پورٹل کی تکمیل کا عمل مزید تیز کیا جائے اور آن لائن فراہم کی جانے والی مجوزہ خدمات کو جلد عوام کے لیے دستیاب بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف اور عوام دوست طرز حکمرانی کو فروغ دینا چاہتی ہے، جبکہ سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا سو روزہ پروگرام کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے محکمہ آئی ٹی کو یہ بھی ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل حکمرانی اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی سہولیات کے فروغ کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تجربے اور تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔
اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد کاشف فاروق، پروگرام منیجر نورین انور اور وقار علی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔