اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز تعیناتی کی منظوری
وزارت داخلہ نے امن و امان کیلئے رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت معاونت فراہم کردی
اسلام آباد اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری
وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزارت داخلہ کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومت پنجاب کی درخواست پر رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت مکمل معاونت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق رینجرز کی تعیناتی پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7 (b) اور 10 ،انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح حکم دیا گیا ہے کہ انتشاری اور مسلح جتھوں کے حملوں پر رینجرز اور پولیس اپنے دفاع کے لیے ہر مناسب اور ضروری جوابی ایکشن لے۔
وزارت داخلہ نے رینجرز اور پولیس کو کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔وزارت داخلہ کے مطابق تعینات رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی معاونت کے لیے تمام ضروری ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔