بلوچستان میں کفایت شعاری مہم، مارکیٹوں اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ
اہم فیصلے، سرکاری اخراجات میں کمی کا اعلان، شادی بیاہ میں ایک ڈش کی پابندی ہوگی۔
کوئٹہ میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے لیے نئے اوقات کار کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں کفایت شعاری مہم کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مارکیٹوں، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے لیے نئے اوقات کار کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
دستاویز کے مطابق میرج ہالز اور تقریبات کے دیگر مقامات رات 10 بجے بند ہوں گے، جبکہ ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند کرنے کی پابندی ہوگی۔ تاہم ریسٹورنٹس کی بندش کے اوقات سے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو استثنیٰ حاصل رہے گا۔ اس کے علاوہ شادی کی تقریبات میں صرف 1 ڈش پیش کرنے کی سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق فارمیسیز، اسپتال، کلینکس، میڈیکل لیبارٹریز، بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس، پٹرول و سی این جی پمپس، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، جم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تمام نئے اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے، جبکہ مخصوص اور ناگزیر صورتوں میں استثنیٰ کی درخواستوں پر کیس ٹو کیس بنیاد پر غور کیا جائے گا۔
حکومتِ بلوچستان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا بنیادی مقصد سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ دریں اثنا، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 3 ماہ کے لیے 50 فیصد کمی، نئی گاڑیوں کی خریداری اور غیر ملکی دوروں پر پابندی سمیت تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ دیگر سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی کے اقدامات بھی نافذ کر دیے گئے ہیں۔