ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب متعارف

سرمایہ کار ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب پر معلومات، رہنمائی اور سرکاری اداروں سے رابطے کے لیے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے

September 25, 2026 · قومی
ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب متعارف

ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاروں کیلئے ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب متعارف

اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) نے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ون ونڈو سسٹم کے تحت نیا ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب متعارف کرا دیا۔

نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں سمیت کاروباری افراد اپنے مسائل، درخواستیں اور تجاویز ایک ہی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے۔

ایس آئی ایف سی کے مطابق سرمایہ کار ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب پر معلومات، رہنمائی اور سرکاری اداروں سے رابطے کے لیے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔ درخواست جمع ہونے کے بعد اس کی پیش رفت اور موجودہ صورتحال بھی آن لائن دیکھی جا سکے گی۔

نئے نظام کے تحت مختلف شعبوں اور علاقوں سے متعلق کاروباری معاملات میں سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ موصول ہونے والی درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر جواب دینے کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔

درخواست پر کارروائی مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ٹکٹ کو باقاعدہ طور پر بند کر دیا جائے گا، جس سے درخواستوں کی نگرانی اور فالو اَپ کا عمل مزید منظم بنانے میں مدد ملے گی۔