سندھ میں موٹروے پولیس کے پہلے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹر کا افتتاح
افتتاحی تقریب میں موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ معروف اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان اور مصور جمی انجینئر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
سندھ میں موٹروے پولیس کے پہلے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹر کا افتتاح
کراچی: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ساؤتھ زون کراچی نے سندھ میں اپنا پہلا ڈرائیونگ لائسنسنگ فیسلیٹیشن سینٹر قائم کردیا، جس کا افتتاح ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید اکبر ریاض نے کیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم نائن پر واقع ڈی آئی جی آفس ساؤتھ زون میں قائم کیے گئے جدید ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی فیسلیٹیشن سینٹر میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب میں موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ معروف اسکواش کھلاڑی جہانگیر خان اور مصور جمی انجینئر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن جاوید اکبر ریاض نے کہا کہ جدید فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام شہریوں کو شفاف اور میرٹ پر مبنی ڈرائیونگ لائسنسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
ان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں مرکز سے موٹر سائیکل، کار، جیپ اور ایل ٹی وی کیٹیگریز کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے لائسنسنگ کے عمل میں سہولت اور شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ معیاری ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام محفوظ ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ ٹریفک کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے فیسلیٹیشن سینٹر کے قیام کو کراچی اور سندھ کے شہریوں کے لیے مفید اقدام قرار دیا۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن نے زونل آفس ساؤتھ کراچی میں قائم نئے آپریشنل مانیٹرنگ سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ انہیں جدید مانیٹرنگ نظام اور موٹروے پولیس کے آپریشنل امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق نئے آپریشنل مانیٹرنگ سینٹر سے نگرانی، آپریشنل معاملات اور ہنگامی صورتحال میں بروقت ردعمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔