پی ٹی آئی احتجاج سے قبل اٹک پل پر سکیورٹی سخت،کیلیں اور کنٹینرز نصب

موٹروے، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم داخلی راستوں پر بھی کنٹینرز اور رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات ہے۔

September 25, 2026 · قومی
پی ٹی آئی احتجاج سے قبل اٹک پل پر سکیورٹی سخت،کیلیں اور کنٹینرز نصب

پی ٹی آئی احتجاج سے قبل اٹک پل پر سکیورٹی سخت،کیلیں اور کنٹینرز نصب

اٹک:پاکستان تحریک انصاف کی 27 ستمبر کی احتجاجی مہم اور لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر اٹک پل اور دیگر اہم راستوں پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں۔

اٹک پل کے قریب مختلف مقامات پر دھاتی کیلیں، کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں نصب کی جا رہی ہیں۔ سامنے آنے والی ویڈیوز میں پل کے قریب زمینی سطح پر دھاتی کیلیں نصب کرنے کا عمل بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اٹک پل خیبر پختونخوا اور پنجاب کے درمیان اہم رابطہ راستوں میں شمار ہوتا ہے، جس کے باعث ممکنہ احتجاج کے پیش نظر یہاں آمدورفت کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق موٹروے، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم داخلی راستوں پر بھی کنٹینرز اور رکاوٹیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات ہے۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات امن و امان برقرار رکھنے اور ممکنہ غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سیاسی حلقوں کی جانب سے ان انتظامات کو پی ٹی آئی کے احتجاج اور ممکنہ لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

علاقے کے مختلف مقامات پر دفعہ 144 بھی نافذ ہے جبکہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اہم راستوں کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔