اسحاق ڈار کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور بحرین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار کی بحرینی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بحرین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے تیسرے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کے ذریعے تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسحاق ڈار اور بحرینی وزیر خارجہ نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اب تک دو اجلاس ہوچکے ہیں، جبکہ آخری اجلاس جولائی 2021 میں بحرین میں منعقد ہوا تھا۔