لاہور بورڈ کا رزلٹ کارڈز کی ہارڈ کاپی ختم کرنے کا فیصلہ
سافٹ کاپی میں جاری کیے جانے والے رزلٹ کارڈ پر کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا، جس کے ذریعے دستاویز کی آن لائن تصدیق کی جاسکے گی۔
لاہور بورڈ کا رزلٹ کارڈز کی ہارڈ کاپی ختم کرنے کا فیصلہ
لاہور، لاہور تعلیمی بورڈ نے طلبہ کے رزلٹ کارڈز کی ہارڈ کاپی جاری کرنے کا سلسلہ ختم کردیا ہے۔ آئندہ انٹرمیڈیٹ کے رزلٹ کارڈز کاغذی شکل کے بجائے سافٹ کاپی میں فراہم کیے جائیں گے۔
لاہور بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کو آگاہ کردیا ہے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق ریگولر امیدواروں کے رزلٹ کارڈ متعلقہ تعلیمی اداروں کے پورٹلز پر فراہم کردیئے گئے ہیں، جبکہ پرائیویٹ امیدوار بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے رزلٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سافٹ کاپی میں جاری کیے جانے والے رزلٹ کارڈ پر کیو آر کوڈ بھی موجود ہوگا، جس کے ذریعے دستاویز کی آن لائن تصدیق کی جاسکے گی۔
لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل رزلٹ کارڈز سے طلبہ کو اپنے تعلیمی ریکارڈ تک فوری اور آسان رسائی حاصل ہوگی۔ ہارڈ کاپیاں پرنٹ اور ڈاک کے ذریعے ارسال نہ کیے جانے سے بورڈ کے پرنٹنگ اور ترسیل کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی، جس سے ادارے کو نمایاں مالی بچت متوقع ہے۔