کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان
بعض علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے، جس سے بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ پر جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان
کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی غیر معمولی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی کے بعض علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش جاری ہے، جس سے بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کی تعداد محدود ہے، تاہم انفرادی صارفین کے خلاف کارروائی کے بجائے بعض اوقات پورے علاقوں کی بجلی بند کردی جاتی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کی فراہمی کے معاملے میں شہریوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
منعم ظفر خان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات پر احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے آئی پی پیز سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بجلی کی پیداوار اور ادائیگیوں کے نظام کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات ضروری ہیں۔