میر رضا کیس: اہلخانہ کی سینئر پولیس افسران کو طلب کرنے کی درخواست مسترد
اہلخانہ نے ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کو کمیشن کے سامنے طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔
میر رضا کیس: اہلخانہ کی سینئر پولیس افسران کو طلب کرنے کی درخواست مسترد
کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے مقتول کے اہلخانہ کی جانب سے سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تحریری حکم جاری کردیا۔ حکم نامے کے مطابق اہلخانہ نے ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کو کمیشن کے سامنے طلب کرنے کی درخواست کی تھی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اہلخانہ کو پہلے ہی 17 ستمبر کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ سینئر پولیس افسران کو ذاتی طور پر کمیشن میں طلب نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اہلخانہ اپنے سوالات تحریری صورت میں 26 نومبر تک جمع کراسکتے ہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس عمر سیال نے سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹر جنرل صحت کے اقدامات پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ کمیشن کے مطابق متعلقہ حکام نے میر رضا کیس میں میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور اس میں تبدیلیاں کرنے کے معاملے میں مداخلت کی۔
کمیشن نے ابتدائی تفتیش پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کی سربراہی میں تفتیش کے دوران اہم شواہد کے تحفظ سے متعلق مسائل سامنے آئے۔
کمیشن کے مطابق 52 کیمروں میں سے صرف ایک کی فوٹیج حاصل کی گئی جبکہ کرائم سین سے متعلق شواہد کو بھی نقصان پہنچا۔ کمیشن نے قرار دیا کہ ابتدائی تفتیش میں شواہد کے تحفظ اور تحقیقات کے طریقہ کار پر مزید وضاحت درکار ہے۔