ایف آئی اے اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 9ملازمین برخاست،8 کی تنزلی

محکمانہ کارروائی میں 75 ملازمین کو سزائیں، 58 کو دیگر تادیبی سزائیں دی گئیں

September 25, 2026 · قومی

ایف آئی اے اسلام آباد میں 75 ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی

اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 75 ملازمین کو محکمانہ سزائیں دی گئی ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 9 ملازمین کو نوکری سے برخاست اور 8 کی عہدے سے تنزلی کردی گئی، جبکہ 58 ملازمین کو دیگر محکمانہ سزائیں دی گئیں۔

ترجمان کے مطابق عوامی شکایات اور دیگر محکمانہ معاملات میں ملازمین کو ذاتی طور پر سنا گیا، جبکہ سزا پانے والے تمام ملازمین کو موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ ریکارڈ اور دستیاب مواد کے جائزے کے بعد محکمانہ سزائیں دی گئیں، جبکہ احتساب کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی والے ملازمین کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بہتر کارکردگی پر 3 افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ادارے میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی اور بدعنوانی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔