پی ٹی آئی والے بزدل لوگ ہیں، دھرنا دینے سے بھاگ گئے، عطا اللہ تارڑ

خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری کر رہی ہے۔

September 25, 2026 · قومی
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے بزدل لوگ ہیں اسی لیے دھرنا دینے سے بھاگ گئے اور ان کی لانگ مارچ کی کوئی تیاری ہی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت نہ صرف حالات سے لاعلم ہے بلکہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے اقدامات لینے سے بھی گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری کر رہی ہے، دہشت گردوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر حملے کیے مگر تحریک انصاف دہشت گردوں کی منظور نظر رہی ہے۔

تحریک انصاف دہشت گردوں کی مذمت کرنے اور ان کے خلاف کارروائی سے گریزاں رہتی ہے، دہشت گردوں کی سہولت کاری ان کی پالیسی کا حصہ ہے، پی ٹی آئی تحریک طالبان کی بی ٹیم اور تحریک طالبان افغانستان کی سی ٹیم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار نہیں کیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، ان کی کابینہ اور تحریک انصاف کی پوری حکومت دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں۔

تحریک انصاف کی ذمہ داری ہے کہ امن و امان پر قابو پائے کیونکہ امن و امان صوبائی معاملہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 2026ء میں 2,456 دہشت گرد حملے ہوئے ہیں جن میں 472 رینجرز، پولیس اور فوج کے جوان شہید ہوئے جبکہ 1,500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنا ملتوی کرنے کی اطلاعات سامنے آنے پر انہوں نے کہا کہ یہ بزدل لوگ ہیں اسی لیے دھرنا دینے سے بھاگ گئے اور ان کی کوئی تیاری نہیں تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹمبر اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت ہو رہی ہے، صوبے میں غیر قانونی گولڈ کی مائننگ میں ان کے سیاسی لوگ ملوث ہیں جو غیر قانونی مائننگ اور ٹھیکوں کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈ کرتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ یہ دہشت گردوں کو نہیں روکنا چاہتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جو صوبائی حکومت دہشت گردی کو نہ روکنا چاہے اور بے گناہ شہریوں کا خون بہے تو یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ڈرون آئے تو یہ لوگ بھاگ گئے جبکہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہنگو میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم بزدل نہیں ہیں، ہمیں ٹھیک ہونے دیں ہم دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہری، جوان اور سیکیورٹی فورسز پوری طرح دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحرک ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم قربانیاں دے رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ ہاتھ ملائے ہوئے ہیں، صوبائی حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری سے باز رہے، اور پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے کر ملک کی سالمیت کے لیے کام کرے۔