افغان رجیم کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کا مؤثر جواب، 13 طالبان ہلاک
جھوٹے دعوے مسترد، وزارت اطلاعات نے ویڈیو شواہد جاری کر دیے، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا
افغان رجیم کی بلااشتعال فائرنگ پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کا مؤثر جواب، 13 طالبان ہلاک
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان وزارت دفاع کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کے دعوے کو سراسر جھوٹ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق اسپن بولدک کے علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا افغان دعویٰ بے بنیاد ہے۔
سرکاری ذرائع اور جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ پاکستان کے اس بھرپور دفاعی جواب میں 13 افغان طالبان ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزارت اطلاعات نے اس کارروائی کے ناقابل تردید ویڈیو شواہد بھی میڈیا کے سامنے پیش کر دیے ہیں، جن میں افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملکی سرحدوں کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔