ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.92 فیصد تک جا پہنچی

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ، 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، سونے کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ۔

September 25, 2026 · قومی
ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.92 فیصد تک جا پہنچی

ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.92 فیصد تک جا پہنچی

ملک میں مہنگائی کی رفتار میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 10.64 فیصد سے بڑھ کر 11.92 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے دوسرے ماہ ستمبر کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں 0.99 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے بجلی کی قیمت میں 18.76 فیصد، دال مسور 0.75 فیصد، دال چنا 0.34 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 1.57 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت 1.55 فیصد، واشنگ سوپ 0.59 فیصد، مٹن 0.31 فیصد، بیف 0.30 فیصد، چکن 0.72 فیصد، انڈے 2.02 فیصد، دودھ 0.14 فیصد، دہی 0.27 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 0.23 فیصد، آلو 8.33 فیصد، پیاز 2.42 فیصد، ٹماٹر 13.45 فیصد، سرسوں کا تیل 0.04 فیصد، گڑ 0.01 فیصد، نمک پاوڈر 0.90 فیصد، پیٹرول 0.34 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.57 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 5.66 فیصد کمی واقع ہوئی۔

حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے مختلف آمدنی والے طبقات پر مہنگائی کے اثرات مختلف رہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 9.69 فیصد رہی۔ 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 11.37 فیصد، جبکہ 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں 9.85 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 10.20 فیصد رہی، جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 12.31 فیصد ہوگئی۔

دریں اثنا، ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔