فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام بنانے پربلوچ عوام کا سیکیورٹی فورسز سے اظہارِ تشکر
عوام اور فورسز کے درمیان اتحاد سے دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور علاقے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ شہری
فتنہ الہندوستان کا حملہ ناکام بنانے پربلوچ عوام کا سیکیورٹی فورسز سے اظہارِ تشکر
مند میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپائی پر مجبور کردیا، جس پر مقامی شہریوں نے فورسز کے جوانوں سے اظہار تشکر کیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے مند میں سیکیورٹی فورسز نے مقامی افراد کے تعاون سے دہشت گردوں کی کارروائی کا مقابلہ کیا اور حملہ آوروں کو پیش قدمی سے روک دیا۔ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
حملہ آوروں کے پسپا ہونے کے بعد مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کا باہمی تعاون انتہائی اہم ہے۔ شہریوں نے کہا کہ عوام اور فورسز کے درمیان اتحاد سے دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور علاقے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امن کے قیام کے لیے فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔