بلاول بھٹو کی افغانستان سے ڈرون حملوں کی مذمت
حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔بلاول بھٹو زرداری
فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان سے پاکستان کی جانب آنے والے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی حکام نے افغانستان سے آنے والے آٹھ ڈرونز کو ان کے ممکنہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان میں سے چار ڈرونز طورخم کے قریب جبکہ دیگر چار کوہاٹ سے ملحقہ علاقوں میں گرائے گئے۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق پاکستان نے اس کے بعد افغانستان میں ان مقامات کو نشانہ بنایا جہاں سے ڈرونز کے لانچ اور ذخیرہ کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔ پاکستانی حکام نے 10 مقامات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ وضاحت کریں کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملے کیسے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے افغانستان سے پاکستان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر مختلف حملوں اور عسکری کارروائیوں کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔