پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں بڑا آپریشن، 750 ملین ڈالر کی منشیات پکڑ لی
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کو سراہا۔
پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں بڑا آپریشن، 750 ملین ڈالر کی منشیات پکڑ لی
راولپنڈی: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں، جن کی مالیت تقریباً 75 کروڑ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہازوں حنین اور یرموک نے معمول کی سمندری گشت کے دوران ایک مشکوک کشتی کو روکا۔ کشتی کی تلاشی کے دوران اس میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشترکہ کارروائی کے دوران قبضے میں لی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 75 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مستعدی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کے تحفظ اور سمندری راستوں کے ذریعے ہونے والی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی بحیرہ عرب میں سمندری نگرانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کی کارروائیوں کا حصہ ہے۔