این اے 168 بہاولپور ضمنی الیکشن، پولنگ کی تیاریاں مکمل
انتخابی عمل کے لیے مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ووٹرز کو اپنا ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
این اے 168 بہاولپور ضمنی الیکشن، پولنگ کی تیاریاں مکمل(فائل فوٹو)
بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ 27 ستمبر کو ہوگی۔ حلقے میں چار لاکھ 83 ہزار سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
انتخابی عمل کے لیے مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ووٹرز کو اپنا ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر اپنا امیدوار دستبردار کرکے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ حلقے میں انتخابی مہم کے بعد اب ووٹرز 27 ستمبر کو اپنا فیصلہ سنائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کی نگرانی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مانیٹرنگ اور کنٹرول نظام بھی فعال کر رکھا ہے۔ پولنگ کے دوران موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ حکام کو کارروائی کے لیے مطلع کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کی ہدایت بھی کی ہے۔ کمیشن کے مطابق حلقے میں انتخابی مہم پولنگ سے 48 گھنٹے قبل ختم کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔