ہولی فیملی اسپتال میں کینسر کا مفت علاج شروع
بریسٹ، پھیپھڑوں، جگر اور گردے کے کینسر میں مبتلا مخصوص مریضوں کا علاج کیا جائے گا
ہولی فیملی اسپتال میں کینسر کا مفت علاج شروع( فال فوٹو)
راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں جدید کیرو ایبلیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کے منتخب مریضوں کے مفت علاج کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے کیرو ایبلیشن مشین پہنچ چکی ہے، جسے فعال کرنے کے بعد بریسٹ، پھیپھڑوں، جگر اور گردے کے کینسر میں مبتلا مخصوص مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق مشین کی تنصیب اور فعال کرنے کا عمل جاری ہے۔
کیرو ایبلیشن ایک نسبتاً کم مداخلت والا طریقہ علاج ہے، جس میں انتہائی کم درجہ حرارت کے ذریعے رسولی کو منجمد کرکے ختم کیا جاتا ہے۔ اس طریقے کو بعض مخصوص کینسرز کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے اور مریض کے انتخاب کا فیصلہ طبی ماہرین کی جانچ کے بعد کیا جاتا ہے۔
ہولی فیملی اسپتال میں اس سہولت کے لیے مریضوں کی رجسٹریشن اور طبی جانچ کے بعد علاج کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایسے مریضوں کو ترجیح دی جائے گی جو اس طریقہ علاج کے لیے طبی طور پر موزوں قرار پائیں۔
اس سے قبل لاہور کے میو اسپتال میں بھی کیرو ایبلیشن کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب کے دیگر بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی اس ٹیکنالوجی کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ہولی فیملی اسپتال میں کینسر کے علاج کی سہولیات میں مزید توسیع کے لیے 100 بستروں پر مشتمل کینسر ٹریٹمنٹ ٹاور کی منظوری بھی دی جاچکی ہے، جس کے لیے متعلقہ محکموں نے منصوبے کی تیاری شروع کردی ہے۔