بسنت 2027، پتنگ سازوں کو لائسنس جاری ہونا شروع

مینوفیکچرنگ لائسنس کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر دفتر میں 4 ہزار 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں

September 26, 2026 · قومی
بسنت 2027، پتنگ سازوں کو لائسنس جاری ہونا شروع(فائل فوٹو)

بسنت 2027، پتنگ سازوں کو لائسنس جاری ہونا شروع(فائل فوٹو)

بسنت 2027 کے لیے پتنگ اور ڈور بنانے والے افراد کو مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مینوفیکچرنگ لائسنس کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر دفتر میں 4 ہزار 300 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان درخواستوں میں سے 2 ہزار 537 درخواست گزاروں کی تصدیق مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ ایک ہزار 250 افراد کو لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق مزید تقریباً ایک ہزار 500 درخواست گزاروں کی فیلڈ ویری فکیشن کا عمل جاری ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد لائسنس کے اجرا سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

گزشتہ سال پتنگ اور ڈور سازی کے لائسنس کے لیے ایک ہزار 605 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے ایک ہزار 337 افراد کو مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کیے گئے تھے۔ رواں سال درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس حاصل کرنے والے افراد ہی قانونی طور پر پتنگ اور ڈور تیار کر سکیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق بسنت سے تقریباً چھ ماہ قبل مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے کا مقصد پتنگوں اور ڈور کی طلب کے مطابق بروقت تیاری اور رسد کو یقینی بنانا ہے۔