نقیب اللہ قتل کیس میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار بری

نقیب اللہ محسود کو جنوری 2018 میں کراچی میں ہونے والے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ ملکی سطح پر زیر بحث آیا تھا۔

September 26, 2026 · جرم وسزا
نقیب اللہ قتل کیس میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار بری(فائل فوٹو)

نقیب اللہ قتل کیس میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکار بری(فائل فوٹو)

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں شواہد کی عدم دستیابی کے باعث سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان کو بری کردیا۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران ملزمان شعیب شوٹر، امان اللہ مروت، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد، راجا شمیم اور محسن عباس کے خلاف مقدمے کا جائزہ لیا گیا۔ عدالت نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر تمام سات ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا۔

ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی گواہ نے یہ بیان نہیں دیا کہ نقیب اللہ کی ہلاکت پولیس مقابلے کے نتیجے میں جعلی تھی۔

سرکاری وکیل کے مطابق اس کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران اور اہلکار پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان کیس کی کارروائی کے دوران مفرور تھے اور بعد ازاں عدالت کے فیصلے کے بعد انہوں نے خود کو قانون کے حوالے کردیا تھا۔

نقیب اللہ محسود کو جنوری 2018 میں کراچی میں ہونے والے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ ملکی سطح پر زیر بحث آیا تھا۔