میر رضا قتل کیس،کمیشن کی مدت میں توسیع نہ ہوسکی
کمیشن نے 27 اگست سے باقاعدہ کارروائی شروع کی تھی اور اسے ایک ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
میر رضا قتل کیس،کمیشن کی مدت میں توسیع نہ ہوسکی
کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت بڑھانے سے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے اپنی کارروائی مکمل کرنے کے لیے سندھ حکومت سے مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کی درخواست کی ہے، تاہم اس درخواست پر ابھی تک فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن 24 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ کمیشن نے 27 اگست سے باقاعدہ کارروائی شروع کی تھی اور اسے ایک ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
کمیشن کی مقررہ مدت 27 ستمبر کو مکمل ہونی تھی، تاہم کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث مزید وقت درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے 28 ستمبر کو کیس کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور شہری پولیس رابطہ کمیٹی کے نمائندے کاشف کو بھی طلب کر رکھا ہے۔
کمیشن کی مدت ختم ہونے میں ایک دن باقی رہ جانے کے باوجود توسیع کے معاملے پر سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔