کراچی میں رینجرز اور پولیس کا مقابلہ، 2 زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار
زخمی گرفتار ملزمان سمیت دیگر ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
فائل فوٹو
رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق کارروائی سائٹ ایریا میں میوہ شاہ قبرستان کے قریب کی گئی۔ کارروائی کے دوران رینجرز اور ایس آئی یو کے اہلکاروں نے مشتبہ ملزمان کے خلاف چھاپہ مارا تو ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کردی۔
ترجمان کے مطابق اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی ہوگئے جبکہ مجموعی طور پر 3 مبینہ بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
زخمی گرفتار ملزمان سمیت دیگر ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔