پنجاب کے قدرتی حسن والے علاقے کسی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں،مریم نواز
قدیم قلعے، مذہبی مقامات، تاریخی عمارتیں اور قدرتی وادیاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتی ہیں۔
فائل فوٹو
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیاحت کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں اور صوبے کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی مقامات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی حسن اور تاریخی ورثے سے مالا مال کیا ہے، جبکہ پنجاب کے خوبصورت علاقے کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے سیاحتی مقامات سے کم نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ قدیم قلعے، مذہبی مقامات، تاریخی عمارتیں اور قدرتی وادیاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مری میں گلاس ٹرین سیاحوں کے لیے ایک نئی سہولت اور کشش کا باعث بنے گی، جبکہ مری مال روڈ سمیت مختلف سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کوٹلی ستیاں بھی ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی کر رہا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات پر جدید سہولیات فراہم کرکے انہیں مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، جبکہ سیاحت کے فروغ سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق سیاحت کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور مقامی آبادی کے لیے معاشی مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔