محسن نقوی کا سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم

اجلاس میں سائبر کرائم کے خلاف جاری کارروائیوں، تحقیقات اور شہریوں کی شکایات سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

September 27, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے اور زیر التوا مقدمات و شکایات پر فوری پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

محسن نقوی نے لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سائبر کرائم کے خلاف جاری کارروائیوں، تحقیقات اور شہریوں کی شکایات سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی، ڈیجیٹل بلیک میلنگ، جعلی اکاؤنٹس اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور تحقیقاتی شعبے کا بھی معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ زیر التوا کیسز اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کر غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سائبر جرائم میں ملوث افراد جہاں کہیں بھی موجود ہوں، انہیں قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈیجیٹل فرانزک کی استعداد بڑھانے، جدید فرانزک ٹولز استعمال کرنے اور تفتیشی افسران کی خصوصی تربیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے بدلتے طریقوں سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت ضروری ہے۔

محسن نقوی نے آن لائن مالیاتی فراڈ کی شکایات پر فوری ردعمل کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے متاثرہ شہریوں کی رقم محفوظ بنانے اور ملزمان تک پہنچنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ڈیٹا، پرائیویسی اور مالی مفادات کا تحفظ NCCIA کی اہم ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سائبر فراڈ سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم مؤثر بنانے اور شہریوں کو فراڈ کے نئے طریقوں سے بروقت آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈی جی NCCIA نے سینٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔