ٹانک میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ سے3 اہلکار شہید

سخت ناکہ بندی، ملزمان کی تلاش جاری ہے، دہشت گرد گاڑی بھی ساتھ لے گئے

September 28, 2026 · اہم خبریں
ٹانک کے وزیر آباد بازار میں ٹریفک پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقام جہاں سیکیورٹی فورسز نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ٹانک کے وزیر آباد بازار میں ٹریفک پولیس موبائل پر فائرنگ کا مقام جہاں سیکیورٹی فورسز نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ٹانک کے علاقے وزیر آباد بازار میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے ٹریفک اہلکاروں کی موبائل گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس دلخراش واقعے میں گاڑی میں سوار 3 اہلکار موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ڈی پی او عبدالصمد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گرد فائرنگ کے بعد ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے جسے بعد ازاں گرہ بڈھا کے علاقے سے برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر 2 راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ فائرنگ کے ایک اور واقعے میں اے ایس آئی عصمت اللہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے تمام شاہراہوں اور پیدل راستوں پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔