راولپنڈی میں جائیداد کے تنازع پر اغوا خاتون قتل،دو بیٹیاں بازیاب

دلخراش واقعہ، پولیس نے دیور کو دبوچ لیا، لاش کی تلاش جاری

September 28, 2026 · قومی
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کو بازیاب کرا لیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بچیوں کو بازیاب کرا لیا۔

 

راولپنڈی کے علاقے ڈھوک جنگ سے 16 روز قبل دو کمسن بیٹیوں سمیت اغوا ہونے والی 28 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کے مقتولہ کے دیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ نبیلہ شاہین کو ڈیڑھ سالہ بیٹی آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور سمیت 12 ستمبر کو اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں مقتولہ کے بھائی نبیل جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے دوران خاتون کے دیور کو شامل تفتیش کیا گیا، جس سے دورانِ تفتیش اہم انکشافات سامنے آئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر جائیداد کے تنازع اور سابقہ مقدمہ بازی کی بنا پر اپنی بھابھی کو مبینہ طور پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ دستاویز کے مطابق مقتولہ کی لاش کو ایک گڑھے میں دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دونوں کمسن بچیوں کو بھی قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور کو گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ لاش کی تلاش اور واقعے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔