صفائی کی ناقص صورتحال، تین شہروں کے ایم ڈیز عہدوں سے فارغ
ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ستھرا پنجاب سے ہٹائے جانے والے مینجنگ ڈائریکٹرز کو فی الحال کسی دوسری پوسٹ پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔
صفائی کی ناقص صورتحال، تین شہروں کے ایم ڈیز عہدوں سے فارغ
پنجاب حکومت نے صفائی کے نظام سے متعلق شکایات اور ناقص کارکردگی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے مینجنگ ڈائریکٹرز کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف شہروں میں صفائی کی صورتحال سے متعلق شکایات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور متعلقہ افسران کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ستھرا پنجاب سے ہٹائے جانے والے مینجنگ ڈائریکٹرز کو فی الحال کسی دوسری پوسٹ پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے انہیں باڈی کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی روزانہ بنیاد پر نگرانی یقینی بنائیں۔
فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی نگرانی کے لیے ایک باقاعدہ مانیٹرنگ سیکشن قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی لٹرنگ مہم کے تحت سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ڈیجیٹل چالان کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ڈور ٹو ڈور کچرا اٹھانے کے نظام میں بہتری کے لیے 15 روز کا ہدف مقرر کیا گیا، جبکہ صوبے بھر میں ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی بیشتر تحصیلوں میں صفائی کے عملے کو بروقت ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔ تمام ڈویژنوں میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈز بھی سرگرم ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر 77 ہزار 137 معائنے کیے اور 9 ہزار 353 وارننگز جاری کیں۔
بریفنگ کے مطابق گندگی پھیلانے پر 19 چالان کیے گئے، جبکہ لاہور میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کی جانب سے 53 ہزار 186 معائنے مکمل کیے جاچکے ہیں۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے 2 ہزار 156 ڈیجیٹل چالان بھی جاری کیے گئے۔
حکام کے مطابق پنجاب بھر میں کچرا جمع کرنے کے لیے 37 ہزار 852 مقامات پر کوڑے دان نصب کیے جاچکے ہیں۔ ستھرا پنجاب سے متعلق صوبے بھر میں 6 لاکھ 76 ہزار 551 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 99 فیصد شکایات کے ازالے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔