پاکپتن میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، مشتبہ دہشت گرد گرفتار
گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحیم کے نام سے ہوئی ہے، جو پشاور کے یونیورسٹی روڈ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
فائل فوٹو
ساہیوال: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے پاکپتن میں مبینہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی 19 ایس پی چوک کے قریب کی گئی، جہاں ایک شخص مشکوک حالت میں موجود تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحیم کے نام سے ہوئی ہے، جو پشاور کے یونیورسٹی روڈ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے دو کلوگرام سے زائد بارودی مواد، تین آئی ای ڈی بیٹریاں، پرائما کارڈز اور فیوز سرکٹ برآمد ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق بم ڈسپوزل ٹیم نے برآمد کیے گئے بارودی مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنادیا۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزم مبینہ طور پر شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔