عاطف اسلم کو جرمنی میں خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا
عاطف اسلم کو دیا گیا یہ اعزاز اور ان کی تصویر اوبر ایرینا کی ایک خصوصی دیوار پر آویزاں کردی گئی ہے
عاطف اسلم کو جرمنی میں خصوصی اعزاز سے نواز دیا گیا
کراچی: پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کو جرمنی کے اوبر ایرینا میں ہونے والے ہاؤس فل کنسرٹ کے بعد خصوصی برلن بڈی بیئر سے نواز دیا گیا۔
ستمبر 2026 میں جرمنی میں ہونے والے کنسرٹ کے بعد عاطف اسلم کو دیا گیا یہ اعزاز اور ان کی تصویر اوبر ایرینا کی ایک خصوصی دیوار پر آویزاں کردی گئی ہے۔ اس دیوار پر کیٹی پیری، ریحانہ اور ٹومورو ایکس ٹوگیدر سمیت دیگر عالمی فنکاروں کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
عاطف اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اوبر ایرینا میں اپنے اعزاز سے متعلق دیوار بھی دکھائی۔ ان کی اس کامیابی پر مختلف معروف شخصیات نے بھی انہیں مبارکباد دی۔
اوبر ایرینا میں ستمبر 2008 سے ایسے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو خصوصی برلن بڈی بیئر پیش کرنے کی روایت موجود ہے جو ہاؤس فل یا نمایاں تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔ برلن بڈی بیئر کو جرمن دارالحکومت کی ثقافتی شناخت سے بھی جوڑا جاتا ہے۔
عاطف اسلم ان دنوں عالمی موسیقی کے دورے پر ہیں، جس کے تحت نومبر اور دسمبر میں فرانس اور متحدہ عرب امارات میں بھی ان کے کنسرٹس شیڈول ہیں۔
گلوکار نے رواں برس موسیقی کے میدان میں واپسی کرتے ہوئے 15 جون کو لندن کے او ٹو ایرینا میں اپنے نئے موسیقی منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا چوتھا اسٹوڈیو البم ’’صبح آئے نہ‘‘ 31 جولائی 2026 کو جاری کیا گیا۔
یہ 2008 میں ریلیز ہونے والے البم ’’میری کہانی‘‘ کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔ گزشتہ برس بھی وہ پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے فنکاروں میں شامل رہے، جبکہ ان کی موسیقی کو مجموعی طور پر تقریباً 8 ارب مرتبہ سنا جا چکا ہے۔