آن لائن رائیڈ پر تلخی،رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا

ملزم گرفتار ، خواتین کو ہراساں کرنے اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ پولیس

September 30, 2026 · قومی
آن لائن رائیڈ پر تلخی،رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا

آن لائن رائیڈ پر تلخی،رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا نمبر رشتہ ایپ پر ڈال دیا

لاہور میں آن لائن رکشہ رائیڈ کے دوران خاتون سے تلخی کے بعد ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر خاتون کا موبائل نمبر رشتہ ایپ پر اپ لوڈ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق آن لائن رائیڈ کے دوران خاتون اور رکشہ ڈرائیور لطیف کے درمیان بحث ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر رنجش کی بنا پر ڈرائیور نے خاتون کا موبائل نمبر ایک رشتہ ایپ پر درج کردیا۔

خاتون کا نمبر ایپ پر ظاہر ہوتے ہی اسے نامعلوم افراد کی جانب سے مسلسل فون کالز موصول ہونے لگیں، جس پر اس نے معاملے کی شکایت ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں کی۔

پولیس کی تحقیقات کے دوران رکشہ ڈرائیور کے مبینہ طور پر خاتون کا نمبر ایپ پر اپ لوڈ کرنے میں ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس کے بعد نشتر کالونی پولیس نے لطیف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ خواتین کی عزت، تحفظ اور نجی معلومات کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔