پنجاب میں موبائل پولیس اسٹیشن سروس شروع

ہر موبائل پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر، فیلڈ سپروائزر، سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ اور مرد و خواتین کانسٹیبل تعینات ہوں گے

September 30, 2026 · قومی
پنجاب میں موبائل پولیس اسٹیشن سروس شروع

پنجاب میں موبائل پولیس اسٹیشن سروس شروع

پنجاب میں شہریوں کو پولیسنگ کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے جدید موبائل پولیس اسٹیشن وین سروس کا آغاز کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے موبائل پولیس اسٹیشن وین کا افتتاح کیا اور اس میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 33 موبائل پولیس اسٹیشنز شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات فراہم کریں گے، جبکہ 6 موبائل یونٹس خواتین سے متعلق معاملات کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر موبائل پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر، فیلڈ سپروائزر، سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ اور مرد و خواتین کانسٹیبل تعینات ہوں گے۔ یہ وینز طے شدہ شیڈول کے مطابق جامعات اور گرلز کالجز بھی جائیں گی، جبکہ ہنگامی پولیس کالز کے اعداد و شمار کی بنیاد پر انہیں مختلف علاقوں میں بھیجا جاسکے گا۔

حکام کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشنز میں پولیس سے متعلق 14 مختلف خدمات دستیاب ہوں گی۔ شہری ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست، گمشدگی کی رپورٹ، مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ، کرایہ داروں اور نجی ملازمین کا اندراج، پولیس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق سمیت مختلف سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

موبائل وینز میں ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بھی متعدد خدمات فراہم کی جائیں گی، جن میں لرنر لائسنس، نئے لائسنس کا اجرا، تجدید، ڈپلیکیٹ اور بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔ شہری شناختی کارڈ، چیک بک اور دیگر اہم دستاویزات گم ہونے کی صورت میں بھی رپورٹ درج کراسکیں گے۔

بریفنگ کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشنز خصوصی ٹیم کے ذریعے سرکاری طریقہ کار کے تحت کام کریں گے۔ موبائل یونٹ کا انچارج سب انسپکٹر ہوگا، جبکہ متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او اور بیٹ افسر آپریشن کی نگرانی کریں گے۔ سینئر اسٹیشن اسسٹنٹ ڈیجیٹل ریکارڈ اور آن لائن اندراجات کی ذمہ داری سنبھالے گا، جبکہ مرد و خواتین کانسٹیبل شہریوں کی رہنمائی کریں گے۔

حکام کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشنز کی آمد کا شیڈول سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔ وین کی آمد سے قبل متعلقہ علاقوں کی مساجد میں اعلانات بھی کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق موبائل پولیس اسٹیشنز کا مقصد پولیس کی خدمات شہریوں تک براہ راست پہنچانا اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کے لیے وقت اور سفری اخراجات کی بچت کرنا ہے۔ خواتین کے لیے مختص موبائل پولیس اسٹیشنز میں مخصوص عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔