ٹیکس نظام سے منسلک نہ ہونے پر کاروبار سیل ہوگا،ایف بی آر
بعض رجسٹرڈ کاروباروں کے لیے پیداوار کی نگرانی، ویڈیو نگرانی یا ڈیجیٹل نگرانی کا نظام نصب کرنا لازم ہوگا۔
ٹیکس نظام سے منسلک نہ ہونے پر کاروبار سیل ہوگا،ایف بی آر
اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیم کردی ہے، جس کے تحت بعض رجسٹرڈ کاروباروں کے لیے پیداوار کی نگرانی، ویڈیو نگرانی یا ڈیجیٹل نگرانی کا نظام نصب کرنا لازم ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق جو رجسٹرڈ کاروبار مقررہ نگرانی کا نظام ٹیکس ادارے کے نظام سے منسلک نہیں کریں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی۔ ضرورت پڑنے پر کاروباری مقام کو سیل کرنے کے لیے پولیس کی معاونت بھی حاصل کی جاسکے گی۔
نئے نوٹیفکیشن میں کاروباری مقام سیل کرنے کا طریقہ کار بھی بیان کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر لینڈ ریونیو کو پیش کرے گا۔ کمشنر معاملے کی انکوائری کے بعد رپورٹ چیف کمشنر کو بھجوائے گا، جس کے بعد کاروبار سیل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مقام مکمل طور پر یا اس کے کسی مخصوص حصے کو بھی سیل کیا جاسکے گا۔ کارروائی سے قبل کاروباری شخص کو متعلقہ حکم نامے کی نقل فراہم کرنا ضروری ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک مقررہ نگرانی کا نظام ایف بی آر کے نظام سے منسلک نہیں ہوجاتا۔ سیل شدہ کاروبار دوبارہ کھلوانے کے لیے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ نگرانی کا نظام بھی نصب کرنا ہوگا۔
نگرانی کا نظام نصب کرتے وقت ایف بی آر کی تکنیکی ٹیم موقع پر موجود ہوگی، جبکہ نظام کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد کمشنر تین دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک نگرانی سے متعلق یہ قواعد مستقبل میں مزید کاروباری شعبوں اور مینوفیکچررز پر بھی لاگو کیے جاسکتے ہیں۔