خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ فی الحال قبل از وقت ہے،عطا تارڑ

صوبائی حکومت ناکام، دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکا، وفاقی وزیر اطلاعات

September 30, 2026 · اہم خبریں
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کا سوال فی الحال قبل از وقت ہے، تاہم صوبائی حکومت کی گورننس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے اور این ایف سی ایوارڈ کے تحت ہر سال دہشت گردی کے تدارک کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، اس کے باوجود کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات رونما ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے نہ تو کچھ کیا ہے اور نہ ہی وہ کچھ کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست اتنی اہم نہیں ہے کہ اسے معصوم لوگوں کی زندگیوں پر ترجیح دی جائے، اس لیے صوبائی حکومت کو سیاست ترک کر کے ان علاقوں کا دورہ کرنا چاہیے جہاں لاشیں گر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود کوہاٹ، چارسدہ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں گئے ہیں اور وہاں گورننس کی واضح ناکامی کا مشاہدہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی طور پر بہت کمزور ہو چکی ہے اور انہیں نہیں لگتا کہ سہیل آفریدی اتنے طاقتور ہیں کہ وہ کوئی مؤثر لانگ مارچ کر سکیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغان حکومت دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہے، جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کا بھرپور جواب دیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے میں صحت اور تعلیم سمیت ہر شعبہ تباہ ہو چکا ہے اور تھری ایم پی او کے تحت کی جانے والی نظر بندیاں قانون کے عین مطابق ہیں۔