کراچی میں دو دریا کے قریب گاڑی سے پراپرٹی ڈیلر کی گولی لگی لاش برآمد

پولیس نے گاڑی سے فنگر پرنٹس محفوظ کرلیے، موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا

September 30, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی کے ڈیفنس فیز 8 میں سی ویو دو دریا کے قریب گاڑی سے پراپرٹی کے کام سے منسلک شخص کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق مقتول کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان ہے، جبکہ مقتول کی شناخت حسن کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ناظم آباد کے رہائشی تھے۔

پولیس کے مطابق مقتول خود گاڑی چلا رہا تھا اور اس کی لاش ڈرائیونگ سیٹ سے ملی۔ مقتول کے سینے میں دل کی جانب ایک گولی لگی ہے۔

مہزور علی کے مطابق گاڑی سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا، تاہم گولی گاڑی کے اندر سے ہی چلائی گئی۔ شبہ ہے کہ مقتول کے ساتھ موجود شخص نے فائرنگ کرکے اسے قتل کیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ملزم گاڑی کا دروازہ کھول کر اترا اور پھر دروازہ بند کردیا۔ پولیس گاڑی کے دروازے سے فنگر پرنٹس محفوظ کر رہی ہے، جبکہ مقتول کا موبائل فون بھی پولیس کو مل گیا ہے۔

مقتول پراپرٹی کا کاروبار کرتے تھے، جبکہ پولیس نے مقتول کے موبائل فون کے ذریعے اہلخانہ سے رابطہ بھی کیا ہے۔

مہزور علی کے مطابق واقعہ قتل ہے اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔