اروشی روٹیلا کی اے آئی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی۔7 ہزار کروڑ ہرجانے کا دعویٰ
اداکارہ کی ٹیم نے شناخت اور ذاتی حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی راستہ اختیار کرلیا
فائل فوٹو
بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی ٹیم نے لاس اینجلس میں قائم ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹیم کا الزام ہے کہ کمپنی نے اداکارہ کا نام، تصاویر اور ویڈیوز ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیے۔
جاری بیان کے مطابق اروشی روٹیلا کی شناخت اور ذاتی مواد کے مبینہ غیر مجاز استعمال پر قانونی راستہ اختیار کیا جا رہا ہے، جبکہ ہرجانے کی ممکنہ رقم 7 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
اداکارہ کی ٹیم نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی شخص کے نام، تصویر یا شباہت کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے قبل اس کی باقاعدہ اجازت ضروری ہے۔ بیان میں اس معاملے کو اروشی کی شناخت اور حقوق کے تحفظ سے متعلق قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اے آئی سے تیار کردہ مواد کے غلط استعمال کا معاملہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان بھی اٹھا چکے ہیں۔ ’بگ باس 20‘ کی ایک حالیہ قسط میں انہوں نے اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور لوگوں کی تصاویر و آوازیں اجازت کے بغیر استعمال کیے جانے پر بات کی۔
سلمان خان کے مطابق اے آئی کے ذریعے ویڈیوز تیار کرنا اور آوازوں کی ڈبنگ کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اس حد تک ترقی کرچکی ہے کہ اس کا استعمال خوف زدہ کرنے والا محسوس ہوتا ہے اور یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔