کراچی میں مختلف پولیس مقابلے،6 مبینہ ڈاکو گرفتار،اہلکار زخمی
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایم فور رائفل، پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
کراچی میں مختلف پولیس مقابلے،6 مبینہ ڈاکو گرفتار،اہلکار زخمی
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایم فور رائفل، پستول، گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق منگھو پیر پولیس نے اجتماع گاہ الجنت سوسائٹی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا۔
ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم محمد اقبال کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم غلام رسول کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی پاکستان بازار پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11، پہاڑی کے قریب کی، جہاں مبینہ مقابلے کے دوران 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
ایدھی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ زخمی ملزمان کی شناخت شاہنواز اور حنیف کے نام سے ہوئی، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ زخمی پولیس اہلکار 32 سالہ فراز کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
ادھر بوٹ بیسن پولیس کے مطابق مسلح افراد کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک زخمی ہے۔ پولیس کے مطابق ان کا ایک ساتھی ایم فور رائفل اور گولیاں چھوڑ کر سیاہ رنگ کی فورچونر گاڑی میں فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی گرفتار ملزم کی شناخت شہازیب عرف چوڑہ جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے کی ہے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ عرفان کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی شناخت عدنان گل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک ایم فور رائفل بمعہ گولیاں، 2 پستول، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔