محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔
محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں جاری ترقیاتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے زیر تربیت پولیس افسران کے لیے تیار کیے گئے ماڈل رومز کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں ان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی میں جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محسن نقوی نے کانفرنس روم اور آڈیٹوریم کی ازسرنو تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت داخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں کی پیش رفت کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران کے لیے جدید تربیتی سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران کو سواٹ ٹیموں کے طرز پر جدید تربیتی آلات مہیا کیے جائیں۔
محسن نقوی نے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے لیے تجربہ کار اور ماہر فیکلٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ایم سی ایم سی کے نصاب میں ڈیجیٹل پولیسنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید تربیتی ماڈیولز شامل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس افسران کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کارکردگی میں مزید بہتری لائی جاسکے۔
دورے کے موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، سی ڈی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔