مری ڈویلپمنٹ پلان، نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس
مریم اورنگزیب سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور مری میں پانی، سڑکوں، سیاحت اور شہری سہولیات سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی گئی
مری ڈویلپمنٹ پلان، نواز شریف اور مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس
مری میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری اور مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور مری میں پانی، سڑکوں، سیاحت اور شہری سہولیات سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق مری میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ دریائے جہلم سے مری تک بڑے واٹر سپلائی منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ اس منصوبے میں متعدد پمپنگ اسٹیشنز اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل کیے جانے کی تجویز ہے۔
اجلاس میں راولپنڈی، مری، کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق سڑک کو بہتر بنانے کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ سے بچاؤ، اسٹریٹ لائٹس، روڈ فرنیچر اور پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے پر کام جاری ہے۔
مری کے مال روڈ کی بہتری کے منصوبے میں ہل ویو پارک، واک ایبل ایریاز، فیملی پارک اور ایمفی تھیٹر سمیت مختلف سہولیات شامل ہیں۔ ایمفی تھیٹر میں تقریباً 600 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
بریفنگ میں بانسرا گلی وائلڈ لائف پارک کے منصوبے سے متعلق بھی تفصیلات پیش کی گئیں۔ منصوبے میں ایلی ویٹڈ برج، نیچر ٹریل، جنگل جرنی، اینیمل کنگڈم اور دیگر سیاحتی سہولیات شامل ہیں، جبکہ فوڈ کورٹ، سووینئر شاپ اور ایمفی تھیٹر بھی تعمیر کیے جانے کا منصوبہ ہے۔
اجلاس میں مری کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور مال روڈ پر دکانوں، ہوٹلوں اور کیفے کے لیے مخصوص قواعد و ضوابط بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ جی پی او اور چرچ سمیت تاریخی عمارتوں کو اصل طرز پر برقرار رکھنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
حکام نے جھیکا گلی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی بے ہنگم تاروں کو ہٹانے اور زیر زمین وائرنگ کے منصوبے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ جھیکا گلی منصوبے کے تحفظ کے لیے پائلز کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں مری کے روڈ انفراسٹرکچر، پانی کی فراہمی، سیاحتی مقامات، تاریخی ورثے اور شہری سہولیات سے متعلق دیگر منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مری ڈویلپمنٹ پلان میں سڑکوں کی بحالی، پانی کی فراہمی، سیاحت کے فروغ اور تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے منصوبے پہلے بھی زیر غور آتے رہے ہیں۔