پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر کو لانگ مارچ،سیاسی کمیٹی نے منظوری دے دی
قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔ مارچ پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر کو لانگ مارچ،سیاسی کمیٹی نے منظوری دے دی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے علاوہ خیبرپختونخوا حکومت سے متعلق وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات سمیت دیگر سیاسی امور پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دی، جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اس سے قبل بھی اعلان کیا گیا تھا کہ مارچ پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کو حکومت مخالف سیاسی تحریک کی شکل دینے پر بھی غور کیا گیا ہے اور مختلف سیاسی سرگرمیوں کے بعد مارچ اسلام آباد کی جانب بڑھے گا، جبکہ حتمی پڑاؤ کے مقام کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو لانگ مارچ شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے خلاف کسی بھی وفاقی اقدام کی صورت میں عوامی احتجاج کیا جائے گا، جبکہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ ہونے کی صورت میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ وفاقی اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے قانونی ٹیم تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔