علی اصغر نے طلاق نہیں دی، میں نے خود خلع لی،ڈیانا کا دعویٰ
بعد میں آذربائیجان میں بھی قانونی کارروائی کے ذریعے طلاق حاصل کی اور علی اصغر کو واپس ان کے ملک بھیج دیا۔
علی اصغر نے طلاق نہیں دی، میں نے خود خلع لیا،ڈیانا کا دعویٰ
اجتماعی زیادتی کے واقعے کی متاثرہ ڈیانا نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں اپنے سابق شوہر علی اصغر سے متعلق مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی اور علیحدگی کے حوالے سے مؤقف بیان کیا ہے۔
ڈیانا کے مطابق علی اصغر نے انہیں طلاق نہیں دی بلکہ انہوں نے فیصل آباد میں خود خلع حاصل کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بعد میں آذربائیجان میں بھی قانونی کارروائی کے ذریعے طلاق حاصل کی اور علی اصغر کو واپس ان کے ملک بھیج دیا۔
ڈیانا نے الزام عائد کیا کہ علی اصغر کے مبینہ نامناسب رویے کے باعث ان کی ازدواجی زندگی متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق علی اصغر نے انہیں پارٹیز میں جانے کی اجازت دی تھی، اس لیے بعد میں اسی معاملے پر ان کے خلاف الزامات عائد کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور آمد سے ایک روز قبل علی اصغر نے ان سے ایک گھنٹے سے زائد گفتگو کی اور مبینہ طور پر کہا کہ وہ ان کے لیے آئے ہیں۔ ڈیانا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی کسی سے رقم کا مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی پارٹیز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کوئی دلچسپی رکھی۔
ڈیانا نے سوال اٹھایا کہ اگر علی اصغر انہیں ’پارٹی گرل‘ سمجھتے تھے تو پھر ان سے شادی کیوں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی اصغر سے علیحدگی کے بعد انہوں نے کہیں بھی ان کا نام نہیں لیا۔
ڈیانا نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر علی اصغر ان کی ویڈیوز عوامی سطح پر پھیلا رہے ہیں تو وہ بھی اب اپنا مؤقف لوگوں کے سامنے رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ علیحدگی کے باوجود علی اصغر کو ان کی ذاتی زندگی میں اتنی دلچسپی کیوں ہے۔
واضح رہے کہ ڈیانا کی جانب سے عائد کیے گئے یہ الزامات ان کا مؤقف ہیں، جبکہ ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق اس رپورٹ میں شامل نہیں۔