لوئر دیر میں پراسرار بخار سے 4 روز میں 7 افراد کا انتقال
2 نوجوان گردن توڑ بخار کے باعث پشاور میں زیر علاج تھے، جبکہ برمکے میں انتقال کرنے والے 2 بچے نوزائیدہ تھے
لوئر دیر میں پراسرار بخار سے 4 روز میں 7 افراد کا انتقال
لوئر دیر کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ 4 روز کے دوران بخار اور مختلف بیماریوں کے باعث 7 افراد کے انتقال کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق برمکے، بوچکے اور شادام کے علاقوں میں پراسرار بیماری کے باعث اموات ہوئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ستمبر کے دوران ان علاقوں میں ایسی بیماری کے باعث اموات کے واقعات سامنے آتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق 2 نوجوان گردن توڑ بخار کے باعث پشاور میں زیر علاج تھے، جبکہ برمکے میں انتقال کرنے والے 2 بچے نوزائیدہ تھے۔ ڈی ایچ او کے مطابق جاں بحق ہونے والی ایک خاتون ٹی بی کے مرض میں مبتلا تھیں۔
ڈی ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے بیماری کی وجہ معلوم کرنے کے لیے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں اور ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
حکام کے مطابق علاقے میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے لیے اسپرے بھی کیا جاچکا ہے، جبکہ صورتحال کا جائزہ لینے اور بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور پبلک ہیلتھ پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔