پرائیویٹ حج کمپنیوں کے خلاف اعتراضات جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا گیا
اہم فیصلہ، وزارت مذہبی امور کی ہدایت، شکایات کی وصولی کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کردی گئی ہے۔
پرائیویٹ حج کمپنیوں کے خلاف اعتراضات جمع کرانے کا آخری موقع دے دیا گیا
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کمپنیوں کے خلاف اعتراضات اور شکایات جمع کروانے کے لیے حتمی موقع فراہم کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق گزشتہ سال کے پرائیویٹ حجاج کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں براہِ راست وزارت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
دستاویزات اور جاری کردہ ہدایات کے مطابق شکایت کے ساتھ متعلقہ شواہد اور ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا، اور پرائیویٹ حجاج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی شکایات 20 اکتوبر سے قبل لازمی جمع کروائیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ کسی بھی شکایت کی عدم موجودگی کی صورت میں پرائیویٹ حج کمپنیوں کی پرفارمنس گارنٹی واپس کرنے کا سلسلہ 20 اکتوبر کے بعد شروع کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ شکایات بذریعہ ڈاک یا ای میل سیکشن افسر مانیٹرنگ کو بھجوائی جا سکتی ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مقررہ مدت یعنی 20 اکتوبر 2026 کے بعد موصول ہونے والی کسی بھی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی، اور اس تاریخ کے بعد حج منظم کرنے والی کمپنیوں کے تمام امور کو حتمی طور پر نمٹا دیا جائے گا۔