کرک میں گیس دھماکا، عمارت کا حصہ منہدم، 2 افراد جاں بحق

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی شروع کردی۔

October 2, 2026 · قومی
کرک میں گیس دھماکا، عمارت کا حصہ منہدم، 2 افراد جاں بحق

کرک میں گیس دھماکا، عمارت کا حصہ منہدم، 2 افراد جاں بحق

کرک کے علاقے سپینہ میں گیس دھماکے کے باعث ایک عمارت کا حصہ منہدم ہوگیا، حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ او جی ڈی سی ایل کے قریب گیس کنکشن کے کام کے دوران پیش آیا، جہاں اچانک گیس کا دھماکا ہوا اور عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی شروع کردی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک بچی سمیت 10 زخمی افراد کو ملبے سے بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ 2 افراد کی لاشیں بھی برآمد کرلی گئیں۔

زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر تلاش کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی کارروائی میں 4 ایمبولینسز، ایک ریکوری گاڑی اور 13 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔