دہشتگرد جہاں سے بھی آئے، دہشتگرد ہی ہے، مریم نواز

سرکاری افسران کو ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں

October 2, 2026 · قومی
دہشتگرد جہاں سے بھی آئے، دہشتگرد ہی ہے، مریم نواز

دہشتگرد جہاں سے بھی آئے، دہشتگرد ہی ہے، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دہشتگرد کا تعلق کسی بھی علاقے یا ملک سے ہو، دہشتگردی کو کسی قسم کی درجہ بندی میں نہیں رکھا جاسکتا۔

لیڈرشپ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سرکاری افسران کو ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے لیے سرکاری اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں بھرپور جواب دیا جبکہ مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف بھی مؤثر انداز میں کارروائیاں کررہی ہیں۔ ان کے مطابق دنیا میں پاکستان کا ایک نیا تشخص سامنے آرہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب تک ملک کے اندرونی نظام کو بہتر نہیں بنایا جاتا، داخلی سلامتی کو خطرات موجود رہیں گے۔ ان کے مطابق سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں اور قومی معاملات میں پالیسیوں کا تسلسل انتہائی اہم ہے، کیونکہ تسلسل کے بغیر ملک ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ کچے کے علاقوں میں ریاست کی عمل داری بحال کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ماضی میں موجود ڈالا کلچر اور جرائم پیشہ عناصر کے اثر و رسوخ کو ختم کیا جارہا ہے۔

افغانستان کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے، تاہم اگر کسی ہمسایہ ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو تو اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں سکیورٹی اور انتظامی صورتحال مختلف ہے۔ پنجاب میں دہشتگردی کا خطرہ موجود ہونے کے باوجود سکیورٹی اداروں کو مضبوط بنایا گیا ہے اور ان کی کارکردگی کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ پولیس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس کرتی ہیں اور ان کے لیے کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں۔ ان کے بقول اعلیٰ سطح پر بروقت فیصلے کرنا ضروری ہے، کیونکہ قیادت اگر فیصلے کرنے سے گھبرائے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مستحق افراد کی درست نشاندہی کے لیے نیا ڈیٹا تیار کیا، تاکہ ضرورت مند خاندانوں کو ان کی ضروریات کے مطابق حکومتی معاونت فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ مریم نواز کے مطابق صوبے میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار گھر تعمیر کیے جاچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ مزید گھروں کی تعمیر جاری ہے۔