وزیراعظم کی ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کی ہدایت
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو محکمے کے جاری منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی
وزیراعظم کی ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں وزارت ریلوے سے متعلق امور، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو محکمے کے جاری منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرینوں میں سفر کرنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ان کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے ریلوے ٹریکس کی بروقت مرمت اور مناسب دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکس کی حالت بہتر رکھنا محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ریلوے کی فریٹ سروس کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر بھی زور دیا اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔